معافی مانگیں یا 10 ارب ہرجانہ ادا کرنے کیلئے تیار ہوجائیں: آصف زرداری کا عمران خان کو نوٹس 

معافی مانگیں یا 10 ارب ہرجانہ ادا کرنے کیلئے تیار ہوجائیں: آصف زرداری کا عمران خان کو نوٹس 
سورس: File

اسلام آباد (سردار شیراز خان) پیپلز پارٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔سابق وزیراعظم عمران خان کو 10 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس سابق صدر آصف زرداری کی جانب سےبھجوایا گیا ہے جس میں ان سے 14 دن میں غیرمشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان  کےآصف  زرداری پر قتل کی سازش کے الزامات سے خون خرابہ ہو سکتا ہے۔عمران خان نے کہا تھا کہ  زرداری نے میرے قتل کیلئے دہشت گرد تنظیم کو پیسہ دے دیا ۔ طاقتور لوگ سہولتکار ہیں۔

قانونی نوٹس فاروق ایچ نائیک نے بھیجا جس میں کہا گیا ہےکہ 27 جنوری کو عمران خان نے قومی میڈیا پر خطاب میں سابق صدر آصف زرداری پر الزام لگایا کہ انہیں آصف زرداری کی جانب سے جان کا خطرہ ہے۔ انہوں نے عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔

قانون نوٹس میں کہا گیا ہےکہ اس حوالے سے کیا عمران خان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں؟ یہ سراسر الزام اور بہتان ہے۔ اس سے کئی شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں لہٰذا عمران خان عدالت کو اس پر واضح مؤقف دیں اور ثبوت سامنے لائے جائیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ عمران خان کی جانب سے معافی نہ مانگنےکی صورت میں شہرت کوپہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور 10 ارب روپے ہرجانہ دیا جائے۔