پرویز الٰہی کی پشاور دھماکے کی شدید مذمت، نگران حکومت کی توجہ انتقامی کارروائیوں پر ہے: سابق وزیراعلیٰ پنجاب

پرویز الٰہی کی پشاور دھماکے کی شدید مذمت، نگران حکومت کی توجہ انتقامی کارروائیوں پر ہے: سابق وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کے آنے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے اور اس کی توجہ امن و امان اور عوامی ایشوز نہیں بلکہ انتقامی کارروائیوں پر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی جبکہ سابق سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی بھی شریک ہوئے جس دوران ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی اور پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت بھی کی گئی، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے آنے کے بعد امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے، نگران حکومت کا فوکس امن و امان اور عوامی ایشوز نہیں بلکہ انتقامی کارروائیوں پر ہے، نگران حکومت صرف سیاسی مخالفین کو کچلنے میں مصروف ہے، نگران سیٹ ا پ اپنے مینڈنٹ سے تجاوز کر کے غیر آئینی غیر قانونی اقدامات کے مرتکب ہو رہا ہے، نگران سیٹ اپ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو انتقامی مقدمات اور گرفتاریوں سے فرصت نہیں۔ 
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاحال تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ اور گورنرز اپنی آئینی ذمہ داریاں بھول کر کسی اور ایجنڈے پر گامزن ہیں، نگران سیٹ اپ ہر وہ کام کر رہا ہے جو اس کا مینڈیٹ ہی نہیں، پی ڈی ایم ملک کی معاشی تباہی کی ذمہ دار ہے، ڈالر کو کنٹرول کرنے کے دعو ے کرنے والوں نے اپنے دو ر میں ڈالر کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نااہلی کے ورلڈ ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، پٹرول 250 روپے لٹر کر کے پی ڈی ایم مریم نواز کی واپسی کا جشن منا رہی ہے، حکمران انتخابات ملتوی کرنے سے باز رہیں، انہیں آئین شکنی کا حساب دینا پڑے گا۔ 

مصنف کے بارے میں