پشاور دھماکہ، وزیراعظم نے آئی جی خیبرپختونخواہ سے متعدد سوالات پوچھ لئے

پشاور دھماکہ، وزیراعظم نے آئی جی خیبرپختونخواہ سے متعدد سوالات پوچھ لئے

پشاور: پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ کرنے والا خودکش حملہ آور کیسے داخل ہوا؟ پولیس لاعلم نکلی، وزیراعظم نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخواہ سے متعدد سوالات پوچھ لئے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی جی سے استفسار کیا کہ خود کش حملہ آور کیسے پولیس لائنز میں داخل ہوگیا؟ جس پر آئی جی خیبرپختونخواہ معظم جاہ انصاری نے کہا کہ کیا پتا حملہ آور کہاں سے آیا اور کیسے داخل ہو گیا۔
وزیراعظم نے سوال کیا کہ پولیس لائنز میں داخلے کا ایک ہی گیٹ ہے، حملہ آور کہاں سے آیا؟ اس پر آئی جی خیبرپختونخواہ نے جواب دیا کہ پولیس لائنز میں فیملی کوارٹرز بھی ہیں، ہوسکتا ہے حملہ آور پہلے سے ہی اندر رہ رہا ہو۔
آئی جی خیبرپختونخواہ معظم جاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا کہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ واقعہ کیسے پیش آیا اور حملہ آور پولیس لائنز پشاور میں کیسے داخل ہوا۔
واضح رہے کہ پشاور میں پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
نیو نیوز کے مطابق حملہ آور ظہر کی نماز کے دوران پہلی صف میں موجود تھا جس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اورعلاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ 
وزیراعظم شہباز شریف دھماکے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پشاور پہنچے اور ہنگامی اجلاس طلب کیا جس دوران انہوں نے آئی جی خیبرپختونخواہ سے متعدد سوالات کئے جبکہ اس دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ 

مصنف کے بارے میں