ارکان قومی اسمبلی یکم اگست کو نیا وزیراعظم منتخب کرینگے

ارکان قومی اسمبلی یکم اگست کو نیا وزیراعظم منتخب کرینگے

اسلام آباد: صدر مملکت نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس یکم اگست کو سہ پہر 3 بجے طلب کرلیا ہے۔صدرمملکت کو قومی اسمبلی کے اجلاس بلانے کی سمری وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے بھیجی گئی۔
وزیراعظم کے انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 30 جولائی کو سہ پہر 3 بجے تک سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر سے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔31 جولائی کو دوپہر دو بجے تک وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے جس کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر تین بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدواروں کی فہرست بھی جاری کردی جائے گی۔یکم اگست بروز منگل 3 بجے قومی اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان کا انتخاب ہو گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے حوالے سے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پر سماعت کے بعدفیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا۔نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے فوری بعد عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی تھی۔ارکان قومی اسمبلی یکم اگست کو نیا وزیراعظم منتخب کرینگے