کراچی ایئرپورٹ سے نوازشریف کی تصویر اتارلی گئی، اسمبلی ویب سائٹ سے نام خارج

کراچی :سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بطور ممبر اسمبلی ان کا نام خارج کردیا گیا۔

جب کہ میاں نوازشریف کی وزارت عظمیٰ سے سبکدوشی کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور صدر مملکت ممنون حسین کے ساتھ آویزاں تصویر بھی ہٹالی گئی ہے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں میاں نوازشریف کو نااہل قرار دیا اور الیکشن کمیشن کو فوری طور پر ان کی رکنیت ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے میاں نوازشریف کی حلقہ این اے 120 سے رکنیت ختم کردی گئی ہے جس کے بعد اب وہ ممبر قومی اسمبلی بھی نہیں رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے رکنیت ختم کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بھی میاں نوازشریف کا بطور ایم این اے نام خارج کردیا گیا ہے جب کہ ساتھ ہی این اے 120 کی نشست بھی فہرست سے نکال دی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔