نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی

نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی
کیپشن: سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے یکم اگست تک ملتوی کر دی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ جج محمد بشیر نے خواجہ حارث کے معاون سعد ہاشمی سے استفسار کیا کہ خواجہ حارث کب آئیں گے جس پر معاون وکیل نے جواب دیا کہ خواجہ صاحب آ رہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف پمز منتقل، کارڈیک سینٹر کا نجی وارڈ سب جیل قرار

جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ حارث کو بلا لیں پھر کارروائی آگے بڑھاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کر دیا۔

وقفے کے بعد جب سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو جج محمد بشیر نے سوال کیا کہ ہائیکورٹ میں آپ کی اپیل پر سماعت کب ہے؟۔ معاون وکیل نے بتایا کہ ہائیکورٹ میں سماعت کل ہو گی۔ جس پر جج محمد بشیر نے جواب دیا کہ کل دیکھ لیتے ہیں کہ ہائیکورٹ سے کیا ہدایات آتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت یکم اگست تک کے لیے ملتوی کر دی۔

نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شہباز شریف کی جگنو محسن سے ملاقات، پارٹی میں شمولیت کی دعوت

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ 31 جولائی کو سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کی معطلی اور رہائی کے حوالے سے درخواستوں پر سماعت کرے گی۔

دوسری جانب نواز شریف کی العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے دوسری عدالت میں منتقلی کی درخواست پر بھی سماعت کل ہو گی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں