فریال تالپور نے ایف آئی اے کا عبوری چالان چیلنج کر دیا

فریال تالپور نے ایف آئی اے کا عبوری چالان چیلنج کر دیا
کیپشن: درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کا عبوری چالان عدالت میں چیلنج کر دیا۔ فریال تالپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہےکہ ایف آئی آر میں کسی قسم کی منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے، چالان میں میرا کوئی کردار واضح نہیں اور الزامات سے میراکا کوئی تعلق نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ خارج کیا جائے۔ ایف آئی اے کے چالان کو غیر قانونی قرار دے کر معطل کیا جائے اور عدالت چالان پر حکم امتناع جاری کرکے کارروائی کرے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کا سیاہ پٹیاں باندھ کر قومی و صوبائی اسمبلیوں میں حلف اٹھانے کا فیصلہ

خیال رہے ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی کے طلب کرنے پر فریال تالپور پیش نہیں ہوئیں اور انہوں نے مزید مہلت طلب کرلی ہے جب کہ پی پی رہنما نے بینکنگ کورٹ سے ضمانت بھی کرارکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ووٹ کی رازداری سے متعلق تحریری جواب طلب


یاد رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک نہ بلایا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں