عالمی برادری نے حالیہ انتخابات کو تسلی بخش قرار دیا ہے :شاہ محمود قریشی

عالمی برادری نے حالیہ انتخابات کو تسلی بخش قرار دیا ہے :شاہ محمود قریشی
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ انتخابات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تسلی بخش قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کے حالیہ انتخابات کو تسلیم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:سعودی عرب نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی امداد دے دی
 
 
آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی رہنما اپنی توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں کرسکے، انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی لیکن ہمیں اس کانفرنس سے یہ کامیابی ہوئی کہ اپوزیشن نے مولانا فضل الرحمٰن کی درخواست کو مسترد کردیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن کی جماعتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں حلف لینے نہ جائیں لیکن تمام جماعتوں نے مولانا کی اس تجویز کو مسترد کیا اور کہا ہے کہ یہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی فعل ہوگا اور اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے مثبت رجحان ہیں کیونکہ دہرا معیار نہیں ہوسکتا، اب ہم نے آگے بڑھنا ہے اور دیکھنا ہے، کیونکہ پاکستان کے لوگوں نے اہم فیصلہ سنا دیا ہے اور ہمارے نئے پاکستان کے تصور کو قبول کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:سراج الحق نے پارلیمنٹ میں حلف نہ لینے کی فضل الرحمان کی تجویز مسترد کر دی
 
 
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نئے پاکستان کے تصویر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، عالمی برادری سے آنے والی حمایت نے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے اور تمام طبقے انتخابات کو درست سمجھتے ہوئے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں استحکام آیا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے ،  میں قوم سے درخواست کروں گا کہ ہمارا ساتھ دیں اور ان قوتوں کو شکست دیں جو رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں ہماری پوزیشن مستحکم ہے، ’مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے علاوہ ہماری پوزیشن اتنی مستحکم ہے کہ ہم حکومت بنا سکتے ہیں۔