'ملکی مفاد کیلئے قانون سازی کے بدلے کسی کو این آر او نہیں دے سکتے'

'ملکی مفاد کیلئے قانون سازی کے بدلے کسی کو این آر او نہیں دے سکتے'
کیپشن: اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کر رہی ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قانون سازی پاکستان کیلئے ضروری ہے۔ ملکی مفاد میں ہونیوالی قانون سازی کے بدلے این آر او نہیں دے سکتے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ارکان کو پارلیمنٹ میں قانون سازی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

ان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم ماضی کی خرابیوں کو درست کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن اپنی سیاست بچانے کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر قانون سازی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ قومی مفاد کیلئے قانون سازی میں اپوزیشن کو حمایت کرنی چاہیے۔

وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ اپوزیشن این آر او مانگتی ہے جو کسی صورت نہیں دیں گے۔ پی ٹی آئی اپنے منشور سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ہم نے ایسا کیا تو تباہی ہو گی۔