ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے طلحہ طالب کی پاکستان واپسی

Talha Talib, who made Pakistan famous in Tokyo Olympics, returns to Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کے نوجوان ویٹ لفٹر طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ طلحہٰ طالب غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 620 کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں نے ان کا استقبال کیا۔ 21 سالہ طلحہ نے شاندار کارکردگی دکھا کر 67 کلو گرام کیٹگری میں 5ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

ویٹ لفٹر طلحہ طالب کا لاہور ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں اپنی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ مجھے فخر ہے کہ میری کامیابی سے پاکستان کا نام روشن ہوا۔ حکومت نے میرے ساتھ تعاون کیا ہے۔ حکومت مجھے اور سہولیات دے تاکہ میں ملک کا نام روشن کر سکوں۔

خیال رہے کہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں 67 کلو کی کیٹگری میں حصہ لے رہے تھے اور گر کر پوڈیم سے باہر نکلنے کے آخری مرحلے تک گولڈ میڈل کی دوڑ میں شامل رہے۔ پاکستانی نوجوان آخری مرحلے میں پہنچنے کے بعد پانچواں نمبر حاصل کر سکے۔

پاکستان کے نوجوان ویٹ لفٹر طلحہ طالب ٹوکیو اولمپکس میں معمولی فرق سے گولڈ میڈل جیت نہیں سکے تھے۔ طلحہٰ نے اولمپکس میں پہلی مرتبہ حصہ لیا تھا۔