کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا خسرے سے بھی زیادہ خطرناک

کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا خسرے سے بھی زیادہ خطرناک
سورس: فائل فوٹو

واشنگٹن : اب تک سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی کورونا کی قسم ڈیلٹا ہےتاہم اب معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ وائرس توقع سے زیادہ متعدی ہے۔کورونا کی ڈیلٹا قسم کو بھارتی قسم بھی کہا جاتا ہے جو اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پرونشن (سی ڈی سی) کی ایک رپورٹ کے مطابق کورونا کی ڈیلٹا قسم خسرے کی طرح تیزی سے پھیلنی کی صلاحیت رکھتی ہے۔

سی ڈی سی کی مذکورہ رپورٹ کو تاحال عام نہیں کیا گیا، تاہم جلد ہی اسے عام کرکے امریکا بھر میں ڈیلٹا وائرس سے بچنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق تاحال شائع نہ ہونے والی رپورٹ سے متعلق جب سی ڈی سی کے ڈائریکٹر سے معلوم کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ مذکورہ تحقیق کو جلد شائع کرکے نئی احتیاطی تدابیر کی تجاویز دی جائیں گی۔

سی ڈی سی کی مذکورہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا کی قسم سب سے زیادہ متعدی ہے جو چکن پاکس یا خسرے کی طرح پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس سے متاثرہ شخص متعدد افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے کوئی بھی شخص آرام سے دیگر 8 افراد کو متاثر کر سکتا ہے اور اس وائرس کی خطرناک بات یہ ہے کہ اس کی علامات بھی تیز نہیں ہوتیں اور معمولی سے نزلے، زکام اور سردی سے بھی اس وائرس میں مبتلا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔

سی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا وائرس جس طرح ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے لیے خطرناک ہے، ویسے ہی مذکورہ قسم ویکسین کروانے والے افراد کو متاثر کرتی ہے اور حیرانگی کی بات یہ ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد بھی ڈیلٹا سے متاثر ہونے والا شخص اسی رفتار سے وبا کو پھیلا سکتا ہے، جیسے ویکسین نہ لگوانے والا پھیلانے کی اہلیت رکھتا ہے۔