مردان میں گیارہویں جماعت کے طالبعلموں کو نویں جماعت کا پرچہ تھما دیا گیا

مردان میں گیارہویں جماعت کے طالبعلموں کو نویں جماعت کا پرچہ تھما دیا گیا
سورس: file photo

مردان : تعلیمی بورڈ کی غفلت سامنے آگئی ، مردان تعلیمی بورڈ نے گیارہویں جماعت کے طلبا کو نویں جماعت کا پرچہ تھما دیا۔

مردان میں ہونے والے انٹر کے امتحانات کے دوران امتحانی ہالز میں گیارہویں جماعت کے بجائے نویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ تقسیم کردیا گیا ۔

طلبا کی نشاندہی پر پرچہ منسوخ کر دیا گیا اور طلبا کو پرچہ دینے کے لیے دوبارہ دوپہر 2 بجے آنے کی ہدایت کی گئی اور پھر دوبارہ پرچہ لیا گیا۔

  چیئرمین مردان تعلیمی بورڈ محمد امتیاز  ایوب کا کہنا تھا کہ پرچے کے اوپر جماعت رومن نمبر میں لکھنے کے باعث غلطی ہوئی۔

امتیاز ایوب کا کہنا تھا کہ وقت ضائع ہونے پر سب سے معذرت خواہ ہوں، یہ ایک انسانی غلطی ہے، اس واقعے سےکسی کو نقصان نہیں ہوا۔