سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن عوامی مفاد میں نہیں،خرم شیر زمان

Karachi Lockdown,PTI,Khurram Sher Zaman,CM Sindh

کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے لاک ڈائون کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کا ردعمل بھی سامنے آگیا ،رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان کا کہنا ہے سندھ حکومت کے لاک ڈائون کے فیصلے کو مسترد کر تے ہیں ،سندھ حکومت کا لاک ڈائون عوامی مفاد میں نہیں ۔

تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے سندھ میں لاک ڈائون کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا سندھ حکومت کے لاک ڈاؤن کے ڈراموں سے واقف ہیں،سندھ حکومت کاروباری شخصیات کونقصان پہنچانا چاہتی ہے،وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ حکومت کو کورونا کی اس چوتھی لہرمیں مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن سندھ حکومت نے یکطرفہ فیصلہ کیا ،اپوزیشن جماعتوں اورتاجررہنماؤں کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا این سی او سی سربراہ نے سندھ حکومت کو تعاون کا یقین دلایا تھا،وفاقی وزیراسدعمرنےاسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی تھی،انہوں نے کہا ماضی میں بھی اسی طرح کے سندھ حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوئے تھے ،اب سندھ میں ایک دفعہ پھر لاک ڈائون سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے  پولیس اور انتظامیہ کو مال  بنانے کیلئے سڑکوں پر چھوڑ دیا جائے گا ۔

دوسری طرف رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ نے کہا پی ٹی آئی نے سندھ حکومت کے مکمل لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کردیاہے ،سندھ حکومت کواسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنانی چاہیے تھی،اس سے قبل این سی او سی کے فیصلوں سے  پاکستان بہت بڑی مصیبتوں سے بچا ہے،این سی او سی کے فیصلوں میں تمام ادارے اور اسٹیک ہولڈر آن بورڈ ہوتے ہیں، انہوں نے کہا سندھ میں لاک ڈاؤن نادر شاہی لاک ڈاؤن کے مترادف ہے۔

حکومت سندھ کو لاک ڈائون کی بجا ئے ویکسین لگانے پر زیادہ دھیان دینا چاہیے ،پورے ملک میں صوبے سندھ کا ریشو ویکسین میں کم رہا، صوبہ سندھ نے ایک بھی ویکسین نہیں خریدی،انہوں نے کہامصیبت کی اس گھڑی میں  ہم ساتھ ہیں ہم سب نے مل کر جنگ کرنی ہے، پچھلے سال کورونا کیلئے 5 ارب رکھے گئے جو لیپس ہوگئے ، 69لاکھ ویکسین وفاق نے صوبے کو فراہم کی ہے،سندھ حکومت کے نمائندے مرتضیٰ وہاب اس صورت حال پر جھوٹ بول رہے ہیں ۔