پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 1.71 روپے اضافہ

پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 1.71 روپے اضافہ
کیپشن: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: عوام کو ایک اور جھٹکا، حکومت نے یکم اگست سے  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کی سمری منظور کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 1.71 روپے اضافہ کر دیا۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اوگرا کی سفارش پر  پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔ 

اوگرا کی جانب سے ارسال کی گئی سمری کے مطابق پٹرول ایک روپے 71 پیسے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل 24 پیسے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 27 پیسے فی لٹر سستا کرنے کی بھی تجویزتھی۔ 

خیال رہے کہ 15 جولائی کو وفاقی حکومت نے اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے بتایا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کےتیل کی قیمت میں 1 روپے 39 پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 27 پیسے فی لٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس منظوری کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 118 روپے 9 پیسے فی لٹر، ڈیزل کی نئی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 87 روپے 14پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 84 روپے67 پیسے فی لٹر ہو گئی تھی۔