اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے، بلاول

اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے، بلاول
کیپشن: اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کریں گے، بلاول
سورس: فائل فوٹو

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کرحکومت کوٹف ٹائم دینےکی کوشش کریں گے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت نے آزادکشمیر انتخابات میں  پیسہ چلایا لیکن اب حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے کیونکہ آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کرحکومت کوٹف ٹائم دینےکی کوشش کریں گے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے جمہوری حق چھینا گیا ہے اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑیں گے جبکہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو نظرانداز کیا اور الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر پر پابندی لگائی لیکن دوسرے روز وہ جلسوں میں شریک تھے۔

انہوں نے کہا آزاد کشمیر میں پیسوں کی بنیاد پر جعلی حکومت بننے جا رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی جمہوری اور پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتی ہے جبکہ اس بدترین الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے اور یہ عزم کر لیا ہے کہ کشمیر کے عوام کی آواز بنیں گے اور دھاندلی کو بے نقاب کریں گے۔ 

بلاول بھٹو نے کہا ماضی میں آزاد کشمیر میں ایسی دھاندلی نہیں ہوئی تھی اور آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں لیکن کوشش ہو گی آزاد کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن مشترکہ اسٹریٹجی اپنائے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز بدنیتی پرمبنی ہے اور اگر حکومت الیکشن ریفارمز چاہتی ہے تو اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔ 

انہوں نے مزید کہا سندھ میں ہمارے خلاف سیاسی کچرا جمع کیا جا رہا ہے اور پیپلزپارٹی کیخلاف کئی اتحاد بنے مگر وہ خود اختلافات کا شکار ہو گئے اور کراچی کے ضمنی انتخابات میں سب جماعتوں کو پیپلز پارٹی نے شکست دی۔