راولپنڈی چیمبر کی مہم چارٹر آف اکانومی کا خیر مقدم کرتے ہیں: نوید قمر 

راولپنڈی چیمبر کی مہم چارٹر آف اکانومی کا خیر مقدم کرتے ہیں: نوید قمر 
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمرنے کہا ہے کہ راولپنڈی چیمبرآف کامرس (آرسی سی آئی ) کی جاری مہم چارٹر آف اکانومی کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما اور وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمرنے راولپنڈی چیمبرآف کامرس کی جاری مہم چارٹر آف اکانومی کا خیر مقدم کیا ہے،ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے بزنس کمیونٹی کی جانب سے میثاق معیشت کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے کرنا نہایت مثبت قدم ہے۔

ہفتہ کو آر سی سی آئی کے زیر انتظام منعقدہ ایک تقریب میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر و سابق صدر سہیل الطاف اور صدر ندیم رؤف کے ساتھ ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں ابھرنے کی صلاحیت موجود ہے،بزنس کمیونٹی کے تعاون کے شکر گزار ہیں،اسی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے بھی چارٹر آف اکانومی کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے آر سی سی آئی کی جاری مہم کو سراہا۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے راولپنڈی چیمبر باقی سیاسی جماعتوں اور راہنماوں کے ساتھ بھی رابطے کر رہا ہے تاکہ میثاق معیشت پر جلد اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پہلے ہی رضامندی ظاہر کر چکے ہیں، جو ایک بڑی کامیابی ہے، عمران خان کی جانب سے میثاق معیشت پر رضامندی ایک اہم پیش رفت ہے۔ آرسی سی آئی کے صدر ندیم رؤف نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ باقی سیاستدان اور سیاسی جماعتیں بھی آر سی سی آئی کے تیارکردہ چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں گی بلکہ وہ اس مہم میں راولپنڈی چیمبر کا بھرپور ساتھ بھی دیں گی۔انہوں نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیدا کر لیں تو پاکستان موجودہ معاشی بحران سے فوری باہر نکل آئے گا۔

مصنف کے بارے میں