سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ،ذرائع

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ،ذرائع

لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جب کہ ٹیم رواں سال نومبر یا دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے سرکاری نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن بورڈ کے عہدیداروں نے امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جب کہ سری لنکا کا دورہ پاکستان رواں سال نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے اور آئی لینڈرز میزبان گرین شرٹس کے ساتھ لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔

پی سی بی عہدیدار نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد سے ثابت ہو چکا کہ پاکستان عالمی کھیلوں کیلیے سازگار ہے اور یہاں پر کسی قسم کے سکیورٹی مسائل نہیں ہیں جب کہ پی ایس ایل کی وجہ سے ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی ایک نیک شگون ہے، اس کے علاوہ ستمبر میں ورلڈ الیون بھی پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے پلیئرز شامل ہوں گے۔

اس سے قبل زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور رواں سال پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد ہو چکا ہے جس میں کئی غیرملکی کرکٹرز بھی پاکستان میں ایکشن میں دکھائی دیے جب کہ سری لنکن بورڈ کی جانب سے فیصلہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ 3 مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملے کے بعد غیرملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے انکار کر چکی ہیں۔نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔