شام کے 80 فی صد مسائل کا ذمہ دار ایران ہے،امریکا

شام کے 80 فی صد مسائل کا ذمہ دار ایران ہے،امریکا

واشنگٹن:امریکی قومی سلامتی کے مشیر ہربرٹ مکس ماسٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران عرب دنیا کو کم زور کرنے کے لیے ان ملکوں میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ شام میں تمام بڑے مسائل کی ذمہ داری ایران پرعاید ہوتی ہے کیونکہ تہران کی طرف سے بشارالاسد کے لیے 80 فی صد جنگجو بھرتی کیے گئے،شام میں امریکی فوج کا ٹارگٹ داعش ہے۔

داعش کے خلاف امریکی جنگ جاری رہے گی،امریکی ٹی وی کے مطابق جمعہ کو واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر نے کہا کہ ایران نے شام میں اسد رجیم کے دفاع کے لیے اپنی ملیشیاوں کو جمع کیا جس کے نتیجے میں شام کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا۔ ایران کی مداخلت کے نتیجے میں شام کا تنازع حل ہونے کی راہ میں مشکلات پیدا ہوئیں۔

تہران کی تباہ کن ریشہ دوانیوں کےنتیجے میں شام اس وقت بدترین تباہی سے دوچار ہے۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ شام میں تمام بڑے مسائل کی ذمہ داری ایران پرعاید ہوتی ہے کیونکہ تہران کی طرف سے بشارالاسد کے لیے 80 فی صد جنگجو بھرتی کیے گئے۔میکس ماسٹر نے شام میں ایرانی کردار کو محدود کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران عرب ملکوں کو کمزور کرنے کے لیے وہاں پر موجود اپنے ہم خیال گروپوں کو فرقہ واریت میں ملوث ہونے کے لیے ان کی مدد کررہا ہے۔ لبنان میں حزب اللہ اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ایک سوال کے جواب میں قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ شام میں امریکی فوج کا ٹارگٹ داعش ہے۔ داعش کے خلاف امریکی جنگ جاری رہے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں