برطانیہ نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی

برطانیہ نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی
کیپشن: کورونا وائرس کے باعث برطانیہ سے مخصوص اور چارٹر فلائٹس آپریٹ ہو رہی تھیں، پی آئی اے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لندن: یورپی یونین کے بعد برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی۔برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق فیصلہ یورپی یونین کے 30 جون کے فیصلے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے اور لندن، مانچسٹر اور برمنگھم سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کےباعث برطانیہ سے مخصوص اور چارٹر فلائٹس آپریٹ ہو رہی تھیں۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کی ائیرسیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کا یورپی ملکوں کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کیلئے معطل کر دیا ہے اور اس کا اطلاق یکم جولائی 2020 کو یورپی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ  148مشکوک لائسنس کی فہرست پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے، دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔

غلام سرورخان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں، حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے ہیں۔