وزیراعظم آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے

وزیراعظم آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے
کیپشن: وزیراعظم آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے خطاب کریں گے اور حکومت نے اس سلسلے میں حکمت عملی بھی طے کر لی ہے۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے لیے حکومت نے حکمت طے کی ہے جس کے تحت وزیراعظم کی تقریر سے پہلے اجلاس کے حوالے سے اپوزیشن سے معاملات طےکیے جائیں گے۔

وزیراعظم سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری کے بعد ایوان سے خطاب کریں گے۔ اسپیکر آفس نے اس معاملے پر اپوزیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حزب اختلاف وزیراعظم کی تقریر میں رکاوٹ نہ ڈالے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت اجلاس میں فنانس بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی 30 ترامیم مسترد کر دی گئی تھیں۔ 

قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں شروع ہوا جس کے بعد اسمبلی اجلاس کی سربراہی اسد قیصر نے سنبھال لی اور قاسم سوری گنتی کے لیے ارکان میں شامل ہوئے۔ 

وزیراعظم عمران خان، سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اپوزیشن اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ 

وزیر خزانہ شوکت ترین نے فنانس ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کیا جس کی اپوزیشن کی جانب سے مخالفت کی گئی ہے۔ ایوان نے فنانس بل پیش کرنے کی تحریک کی زبانی منظوری لی جسے نواب تالپور نے چیلنج کر دیا جس کے بعد اسپیکر نے گنتی کرنے کی ہدایت کر دی۔ ایوان میں گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی نے فنانس بل پیش کرنے کی تحریک کو شق وار کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ فنانس بل پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 172 ووٹ آئے جب کہ 138 ووٹ تحریک کے خلاف آئے۔ ایوان میں تحریک کی منظوری کے بعد فنانس بل 2021 کی شق وار منظوری لینے کا عمل شروع کیا گیا۔