عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے اور یہ رقم پاکستان میں توانائی کے حصول، صحت اور تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے منظور کئے گئے 80 کروڑ ڈالر قرض سے 2 سال کے عرصے میں 2 پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ 
پہلا پروگرام سستی اور صاف توانائی سے متعلق ہو گا جس کے تحت 40 کروڑ ڈالر سے سستی اور شفاف توانائی مہیا کی جائے گی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی، ٹیرف پر سبسڈی اور بجلی کی ترسیل کا پروگرام بہتر بنایا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق باقی 40 کروڑ ڈالر دوسرے پروگرام پر خرچ کئے جائیں گے جس میں انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کر کے مزید بہتری لانے کا پلان بھی شامل ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت صحت کے شعبے اور تعلیم کے میدان میں بہتری لانے کے حوالے سے کام ہو گا جبکہ غریب طبقے کی آمدن کے ذرائع بہتر بنانے کیلئے بھی کام کیا جائے گا۔