احسن اقبال نے شہباز شریف سے متعلق بلاول کے بیان کو بچگانہ قرار دیدیا

احسن اقبال نے شہباز شریف سے متعلق بلاول کے بیان کو بچگانہ قرار دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق بیان کو بچگانہ قرار دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پارلیمینٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا حکومتی بجٹ کے نقائص کی نشاندہی کرنا ہوتا ہے اور اپوزیشن کی نشاندہی پر ہی ساڑھے 300 ارب کے ٹیکس واپس لئے گئے ہیں۔ 
حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مہنگائی میں سب سے اہم کردار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا ہوتا ہے، یہ بازی گر قوم کو مزید دھوکہ دیں گے، اس حکومت نے سب اداروں کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھی تباہ کر دیا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ کو صرف اس لئے ہٹایا گیا کہ وہ حکومت کی کرپشن کو روک رہے تھے۔
رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے سب منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے، تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کو بجٹ میں اتنے یوٹرن لینے پڑے ہیں، اس حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے)اور پاکستان ریلوے سمیت سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کی شہباز شریف پر تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ میں بلاول بھٹو کے بیان کو نہایت ہی بچگانہ سمجھتا ہوں، سب کو پتہ ہے کہ شہباز شریف کو اپنے کزن کی تدفین میں جانا پڑا جس کی وجہ سے وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نا کر سکے، بلاول کا بیان ان کی عمر کے حساب سے تو ٹھیک ہے، لیکن بلاول بھٹو زرداری کا بیان ایک پارٹی کے سربراہ کے حساب سے ٹھیک نہیں ہے۔