’سب غلط فہمی دور کر لیں، پانچ سال پورے کروں گا‘ وزیراعلیٰ نے تبدیلی کی خبریں مسترد کر دیں

’سب غلط فہمی دور کر لیں، پانچ سال پورے کروں گا‘ وزیراعلیٰ نے تبدیلی کی خبریں مسترد کر دیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں تبدیلی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پارٹی قیادت چاہے گی، عہدے پر موجود رہوں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سب غلط فہمی دور کر لیں، میں پانچ سال پورے کروں گا اور کسی کی خواہش پر کہیں نہیں جاؤں گا، جب تک پارٹی قیادت چاہے گی عہدے پر رہوں گا۔
وزیراعلیٰ نے اعجاز جاکھرانی کی گرفتاری کیلئے نیب چھاپوں کو نامناسب قرا ر دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اچانک چھاپا مارا جاتا ہے لیکن کہیں اور عدالت کا حکم آتا ہے کہ 10 دن پہلے بتائیں۔ 
انہوں نے سندھ میں اپوزیشن کے روئیے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے وقت اپوزیشن نے بہت شور مچایا، بجٹ تقریر کے وقت خود اپوزیشن سے رابطہ کیا، اسمبلی میں 4 دن تک بڑے اچھے ماحول میں کام ہوا لیکن پانچویں دن اپوزیشن کی ایک جماعت نے شور شرابا کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومت کو تقریر کرنے کا موقع نہیں دے رہی تھی جس پر سپیکر نے پانچویں دن اپوزیشن کو بلاکرکہا کہ کارروائی کو بہتر ماحول میں چلایا جائے، اپوزیشن اراکین نے بدتمیزی کی اور اسمبلی کا ماحول خراب کیا جس پر سپیکر نے ایکشن لیا۔