سعودی عرب نے ایک اور قومی فضائی کمپنی بنانے کا اعلان کر دیا 

Saudi Arabia Announce another Airline

ریاض:سعودی عرب نے ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اور اپنے تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ایک او ر قومی ائیر لائن بنانے کا منصوبہ بنا لیا ہے ۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق  یہ منصوبہ نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اسٹریٹیجی کا حصہ ہے، اس کا مقصد مملکت کو ایک عالمی لاجسٹک مرکز بنانا اور مملکت کی معیشت کو متنوع بنانے میں مدد کرنا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اسٹریٹیجی میں 250 سے زائد بین الاقوامی فضائی روٹس کا اضافہ اور فضائی کارگو کی گنجائش سالانہ 45 لاکھ ٹن تک پہنچانا شامل ہے۔

سعودی عرب اپنے دارالحکومت ریاض میں ایک نیا ہوائی اڈہ بنانے پر بھی غور کر رہا ہے، یہ نئی قومی فضائی کمپنی کا مرکز ہو گا۔ نئی فضائی کمپنی سیاحوں اور کاروباری شخصیات کے لیے مختص ہو گی جب کہ موجود قومی فضائی کمپنی سعودیہ جدہ میں اپنے اڈے سے حج اور عمرہ کی پروازیں چلائے گی۔