وزیراعظم نے بتا دیا اپنی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید

وزیراعظم نے بتا دیا اپنی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید
کیپشن: وزیراعظم نے بتا دیا اپنی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں تقریر بہت زبردست تھی جس میں انہوں ںے تمام چیزوں کا احاطہ کیا۔

عمران خان کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں بین الاقوامی امور، معیشت ، سیاست اور مستقبل پر بات کی۔ وزیر اعظم نے امریکہ سے متعلق کھل کر لائن دی اور واضح طور پر بتا دیا کہ پاکستان کی زمین کو افغانستان کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں بہت بڑی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ امن کے لیے امریکہ کے ساتھ ہیں مگر جنگ کے لیے نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کسی کی جنگ میں 70 ہزار لوگوں کی قربانیاں دی گئیں اور جو جو امریکا کہتا گیا ہم وہ کرتے گئے کیونکہ امریکی جنرل نے کتاب میں لکھا مشرف کو جو کہا وہ کرتا گیا جبکہ میں امریکا کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شمولیت کو ذلت محسوس کرتا ہوں۔ ہمیں امریکا کی جنگ میں شرکت کر کے کیا ملا اور آپ کا اتحادی امریکا آپ کے ملک پر بمباری کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا قومی غیرت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرتا اور جب اپوزیشن میں تھا تو پاکستان نے فیصلہ کیا دہشتگردی کیخلاف جنگ کا حصہ بنیں گے اور میری ایک نشست تھی لیکن میں میٹنگز میں شریک ہوتا تھا جبکہ اس میٹنگ میں کہا گیا امریکا کو انکار کیا گیا تو کچھ بھی کر سکتا ہے۔ 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکا ڈرون حملے پاکستان کی حکومتوں کی اجازت سے کرتا رہا جسے ہماری حکومتیں چھپاتی رہیں، 30 سال سے لندن میں ہمارا دہشت گرد بیٹھا ہے، اسے مارنے کے لیے کیا برطانیہ ہمیں اجازت دے گا کہ پاکستان لندن میں ڈرون حملہ کرے کبھی نہیں تو پھر ہم کیوں اجازت دیتے رہے۔ دنیا نے نہیں ہم نے خود اپنے آپ کو ذلیل کیا اور اس سے ہم نے ایک سبق سیکھا ہے کہ کبھی اس قوم نے کسی کے لیے کسی خوف سے اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کرنا اور میں نے امریکا کو فوجی اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔