ہمارے نمبر پورے، حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہو جائیں گے: عطاءتارڑ

ہمارے نمبر پورے، حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہو جائیں گے: عطاءتارڑ

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب میں عددی اکثریت کی برتری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل حمزہ شہباز باآسانی دوبارہ وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماءعطا تارڑ نے دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے آج کا یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے تناظر میں دیا جس کے تحت انہوں نے یہ حکم دیا کہ پارٹی کی ڈائریکشن کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے الیکشن کالعدم قرار دیا ہے اور نہ ہی نئے انتخابات کی ہدایت دی ہے بلکہ 25 ارکان کے ووٹ مائنس کرکے دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا ہے۔آئین میں یہ بات درج ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب میں 146 کی سادہ اکثریت حاصل نہیں کر سکے گا تو انتخاب دوبارہ ہوگا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے میں یہ بھی درج ہے کہ حمزہ کل شام تک وزیراعلیٰ رہیں گے اور کل شام نیا انتخاب ہو گا، آدھے لوگ خوش ہیں اور آدھے لوگ افسردہ ہیں کیونکہ انہیں سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ فیصلہ کیا آیا ہے، حمزہ شہباز شریف ہی اگلا انتخاب بھی جیتیں گے۔ 
عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارے ووٹوں میں سے 25 مائنس کر بھی دیں تو ہمیں 9 ووٹوں کی برتری حاصل ہے، عدالت نے صرف ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ہدایت دی ہے، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ کے سارے فیصلے اپنی جگہ برقرار رہیں گے انہیں غیر موثر نہیں کیا گیا۔

مصنف کے بارے میں