زرداری اور عمران ٹی وی پر آکر کہہ دیں ہم نے ووٹ نہیں خریدے: شاہد خاقان عباسی

زرداری اور عمران ٹی وی پر آکر کہہ دیں ہم نے ووٹ نہیں خریدے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ زرداری اور عمران ٹی وی پر آکر کہہ دیں ہم نے ووٹ نہیں خریدے اور چیئرمین سینیٹ بغیر پیسے کے بنا ہے۔


وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین کو سینیٹ کے چیئرمین سے متعلق میرے بیان پر بڑی تکلیف ہے، مخالفین کہتے ہیں وزیراعظم نے سینیٹ چیئرمین سے متعلق بیان کیوں دیا، آج پھر بیان دیتا ہوں، پیسوں سے خریدی گئی سیٹوں کو پاکستان کے عوام قبول نہیں کرتے۔ پیسے دے کر سینیٹر اور چیئرمین سینیٹ بننے والے پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میری اور چیف جسٹس کی ہوئی، مخالفین کو تکلیف کیوں ہوئی۔ مخالفین تو کہتے ہیں ملاقات تو بڑی اچھی ہے لیکن ٹائمنگ ٹھیک نہیں۔ یہ ملک عمران خان کا اتنا ہی ہے جتنا میرا اور چیف جسٹس کا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب عدالتوں سے ہمیں انصاف کی کوئی امید نہیں، انہی عدالتوں نے ہمیں ہائی جیکر بنایا جب کہ ایک اقامہ پر نواز شریف کو فارغ کردیا یہ ملک کا نقصان ہے، ان فیصلوں سے ترقی رک جاتی ہے تاہم اس کے باوجود جو کام نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے کیے اس کا کوئی مقابلہ نہیں۔