آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں شکست دیدی

آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں شکست دیدی
کیپشن: image by cricinfo

دبئی : آسٹریلیا نے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے کر سیریز میں چار صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی طرف سے 278 رنز کے تعاقب میں ڈیبیو کرنے والے عابد علی نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ وکٹ کیپر رضوان نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کی دوسری سنچری اسکور کی مگر دونوں کی شاندار بیٹنگ کسی کام نہ آئی اور پاکستان چوتھا ون ڈے بھی 6 رنز سے ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم پر وائٹ واش کے بادل منڈلانے لگے ہیں، کینگروز نے چوتھے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے تھے۔

عثمان خواجہ نے 78 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگ کھیلی ، اوپننگ بلے باز فنچ نے 42 گیندوں پر 39 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔

میکسویل نے تین چھکوں اور نو چوکوں کی بدولت 82 گیندوں پر 98 رنز کی اننگ کھیلی ، کیری نے 67 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 55 سکور کیے۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں عابد علی اور رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچریاں سکور کیں لیکن عابد علی کے آوٹ ہونے کے بعد کوئی بلے باز وکٹ پر کھڑا نہ ہوسکا۔