بھکر: بس نے اسکول رکشے کو کچل دیا، 6 طالبات سمیت 7 جاں بحق

بھکر: بس نے اسکول رکشے کو کچل دیا، 6 طالبات سمیت 7 جاں بحق
کیپشن: رکشہ اس بری طرح کچلا گیا کہ اس کی باڈی کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا گیا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

بھکر: جھنگ روڈ پر مسافر بس نے رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اسکول کی 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور ج
اں بحق ہو گئے۔

بھکر میں 9 ویں جماعت کی طالبات امتحان دے کر واپس اپنے گاؤں جا رہی تھیں کہ جھنگ روڈ پر مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار بس ان کے رکشے پر چڑھ دوڑی۔

حادثہ اتنا سنگین تھا کہ رکشہ ڈرائیور اور 5 طالبات موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ ایک زخمی طالبہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ بھی چل بسی۔ رکشہ اس بری طرح کچلا گیا کہ اس کی باڈی کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا گیا۔

جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں شہری جمع ہو گئے اور معصوم بچیوں کی ہلاکت پر ان میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مشتعل افراد نے بس کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے ہجوم کو قابو کیا۔

مشتعل افراد نے واقعے کے خلاف اور ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف جھنگ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کر دی۔