لاہور میں ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد

لاہور میں ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: حکومت پنجاب کی جانب سے اورنج ٹرین، سپیڈو بس اور میٹروبس کی بندش کے بعد لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے بھی شہر میں ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کی جا رہی ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ حکومت کی جانب سے اورنج ٹرین، سپیڈو بس میٹرو بس کی بندش تک تمام پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
دوسری جانب کوروناکے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے اورنج ٹرین، میٹروبس، اور سپیڈو بس سروس کو بندکر دیا گیا ہے جبکہ اورنج لائن اور میٹرو بس کے ٹریک کو بند کرنے کیساتھ ساتھ ماس ٹرانزٹ، سرکاری لوکل ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق لاہور شہر میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس اور سپیڈو بس سروس کو آج صبح سے ہی بند کردیا گیا تھا، اورنج لائن کی ٹرینوں کو ڈپو میں کھڑا کردیا گیا تھا جبکہ میٹرو بسوں اور سپیڈو بسوں کو بھی پارک کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے گزشتہ روز ماس ٹرانزٹ کی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر آج سے عملدرآمد ہونا تھا، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اورنج لائن اور میٹرو بس کے سٹیشنز کو بند کرکے سٹاف کو بھی کم کردیا گیا ہے۔