لیسکو کا رمضان المبارک کے دوران بلاتعطل بجلی فراہمی کا اعلان

لیسکو کا رمضان المبارک کے دوران بلاتعطل بجلی فراہمی کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے رمضان المبارک کے دوران اور سحر وافطار کے اوقات میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران لیسکو ریجن میں سحر وافطار اور تراویح کے دوران تمام گھریلو صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور صنعتوں کو بھی بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔ 
ترجمان کا کہنا تھا کہ لیسکو کو قطعاً بجلی کے شارٹ فال کا سامنا نہیں ہے اس لئے ماہ مبارک کے دوران بھی لیسکو کو طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی، ہم پرامید ہیں کہ رمضان المبارک میں تمام صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران تمام فیلڈ دفاتر اور سٹاف کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جو بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت کے جلد از جلد ازالے کیلئے ہمہ وقت موجود رہیں گے اور کسی بھی طرح کے مسئلے کو ذمہ داری کیساتھ حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے۔