یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمتوں کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یکم اپریل ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر تک جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ڈھائی روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویزدی گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھا دی تو قیمتیں برقرار بھی رہ سکتی ہیں، اس وقت فی لیٹر ڈیزل پر 12 روپے 74 پیسے پیٹرولیم لیوی عائد ہے تاہم قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد کرے گی۔ 

ؑواضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 مارچ کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 111 روپے 90 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 116 روپے 8 پیسے پر برقرار رہی تاہم مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر لیوی عائد نہ ہونے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔