برطانوی چڑیا گھر میں شیر نے خاتون ملازمہ کو ہلاک کردیا

برطانوی چڑیا گھر میں شیر نے خاتون ملازمہ کو ہلاک کردیا

کیمبرج شائر: لندن سے 66کلومیٹر دور کیمبرج شائر کے علاقے ہنٹنگڈن میں واقع چڑیا گھر میں شیر نے چڑیا گھر کی ملازمہ کو ہلاک کردیا ہے۔یہ واقعہ ہیمرٹن زو میں پیش آیا جب شیر اس پنجرے میں جا پہنچا جہاں ملازمہ اپنے کام میں مصروف تھی۔

خیال ہے کہ پنجرے کا دروازہ بند ہونے سے قبل ہی شیر بھی اندر آگیا اور اس نے خاتون پر حملہ کردیا۔ واقعے کے بعد چڑیا گھر کی انتظامیہ نے صرف اتنا کہا کہ ہماری ایک ساتھی خاتون ہیمرٹن زو پارک میں ہلاک کردی گئی ہیں اور اس ضمن میں تحقیقات کے بعد ہی تفصیل بیان کی جائے گی۔ انتظامیہ نے پارک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور ہلاک شدہ خاتون کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔

دیگر ملازمین نے اس واقعے کے دوران ہولناک چیخیں سنیں جس کے بعد ملازمہ موقع پر ہی موت کا نوالہ بن گئی ۔ تاہم چڑیا گھر آنے والے ایک شخص پیٹ ڈیوس نے کہا کہ خاتون دوسرے ملازم کی مدد کرنے کو آگے بڑھی تھیں جو شیر کے نرغے میں آچکا تھا اور شاید شیر نے اسے دیکھ کر پلٹ کر خاتون پرحملہ کردیا تھا۔