عدالت کا نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم

عدالت کا نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے غیر اعلانیہ اور غیر مساوی لوڈ شیڈنگ پر نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ روز غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کے الیکٹرک کے خلاف متفرق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو گزشتہ روز سنا دیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نیپرا نے 22 جنوری 2016 کوعلاقوں کی سطح پر لوڈ شیڈنگ کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔ کے الیکٹرک نیپرا کے اس حکم پر فوری عمل کرے۔

عدالت عالیہ نے نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کر سکتی ہے۔ واضح رہے کہ شہر قائد میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کے علاوہ غیر اعلانیہ کا لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ طویل ہوتا جا رہا ہے جب کہ رواں ہفتے کراچی میں دو بڑے بجلی کے بریک ڈاؤن ہوئے جس کے عوام کو شدید مشکلا کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے گزشتہ روز کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی جس کے باعث آدھے سے زیادہ شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔ گرڈ اسٹیشنز ٹرپ ہونے سے ڈیفنس، ڈیفنس ویو، کلفٹن، محمود آباد، کورنگی، لانڈھی، ناظم آباد،  گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔

نیو کراچی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، گلبہار، شادمان ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، ملیر، کھوکھرا پار، مبینہ ٹاؤن، گڈاپ سٹی اور سرجانی ٹاؤن سمیت اولڈ سٹی کے کئی علاقے بھی اندھیرے میں ڈوب گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں