بھارتی گلوکار ابھیجیت کا نیا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بند

بھارتی گلوکار ابھیجیت کا نیا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بند

ممبئی: پاکستان مخالف جذبات رکھنے والے ہندوستانی گلوکار ابھیجیت بھٹا چاریا کے نئے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے پابندی لگا کر بند کر دیا۔ گلوکار ابھیجیت نے اپنے پہلے اکاؤنٹ پر ایک ٹوئیٹ میں دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طالبہ پر جسم فروشی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ٹوئٹر نے ان کے اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی تھی۔

اس کے چند روز بعد گلوکار نے نیا اکاؤنٹ بنایا تاہم چند گھنٹوں بعد ہی ٹوئٹر نے اس اکاؤنٹ کے خلاف بھی ایکشن لے لیا۔

گلوکار نے اپنے نئے اکاؤنٹ پر ایک ٹوئیٹ اور ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گلوکار نے اپنے مداحوں سے یہ بھی کہا کہ جب تک میرا پہلا اکاؤنٹ بحال نہیں کیا جاتا،میں اس اکاؤنٹ کو استعمال کروں گا اور سب مجھے یہاں فالو کریں۔ اس کے علاوہ میرے نام سے بنائے گئے تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستانی گلوکار نے دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طالبہ کے خلاف کی گئی ٹوئیٹ میں انتہائی غلط زبان استعمال کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ابھیجیت بھٹا چاریا کئی بار پاکستان کے خلاف زہر اگل چکے ہیں جبکہ پاکستانی اداکاروں اورگلوکاروں کے بارے میں بھی مختلف فورم پر نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہے ہیں۔