جے آئی ٹی کی طویل تفتیش، حسین نواز اور سعید احمد کی طبیعت خراب

جے آئی ٹی کی طویل تفتیش، حسین نواز اور سعید احمد کی طبیعت خراب

اسلام آباد: وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز جے آئی ٹی کے سوالوں کے جواب جوڈیشل اکیڈمی میں دے رہے تھے کہ اچانک انکی طبیعت خراب ہو گئی اور حسین نواز کا شوگر لیول کم ہو گیا جس کے بعد فوری طور پر جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء نے طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹرز کو جوڈیشل اکیڈمی طلب کر لیا۔

اس موقع پر نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کی طبیعت بھی اچانک خراب ہو گئی۔ ڈاکٹر عمر دو ایمبولینسوں سمیت جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے حسین نواز کو طبعی امداد فراہم کی اور وہ ٹھیک ہو گئے جس کے بعد پھر سے سوال و جواب کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

یاد رہے دوبارہ طلبی پر حسین نواز آج پھر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ حسین نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے دانیال عزیز، نہال ہاشمی، حنیف عباسی سمیت لیگی رہنما اور کارکن بھی جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔ کارکن اس موقع پر نعرے بازی کرتے رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے صاحبزادے جے آئی ٹی کو آج پھر متعلقہ ریکارڈ پیش نہ کر سکے جس پر انہیں اپنے وکیل کو متعلقہ ریکارڈ لینے کے لیے بھیجنا پڑا۔ ادھر نیشنل بینک کے صدر سعید احمد بھی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے۔ ارکان نے ان سے بھی پوچھ گچھ کی اور کئی سوالات کے جواب مانگ لیے۔