وزیراعظم آج کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیع منصوبے کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم آج کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیع منصوبے کا افتتاح کریں گے
کیپشن: وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر زرغون روڈ اور ایئر پورٹ روڈ پر 4 نجی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیع منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج خصوصی طور پر کوئٹہ پہنچیں گے جہاں وہ آئی ٹی یونیورسٹی میں نو تعمیر نیشنل انکیوبیشن سینٹر اور ایک ارب سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیع منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر زرغون روڈ اور ایئر پورٹ روڈ پر 4 نجی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جب کہ اسکول انتظامیہ کا بھی کہنا ہے کہ چاروں تعلیمی ادارے وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث بند کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر بند کیے جانے والے اسکولوں میں سینٹ فرانسس گرامر اسکول، کانونٹ، سیکرڈ ہارٹ اور ولڈرنیس اسکول شامل ہیں۔

 مزید پڑھیں: امریکا پاکستان میں شفاف انتخابات کی توقع رکھتا ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

یاد رہے کہ کوئٹہ ایئر پورٹ کی توسیع کا منصوبہ 2015 میں شروع کیا گیا تھا جس پر ایک ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

منصوبے کے تحت ایئر پورٹ پر اسٹیٹ آف آرٹ پسنجر بورڈنگ برج، چیک ان کاؤنٹرز، بیگیج ہینڈلنگ سسٹم اور جدید امیگریشن نظام قائم کیا گیا۔

توسیع منصوبے کے مطابق ڈومیسٹک چیکنگ اِن کاؤنٹر 5 سے بڑھا کر 12 کر دیے گئے ہیں اور انٹریشنل کاؤنٹرز کی تعداد بھی 3 سے بڑھا کر 12 کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہلی بار مسافروں کے لیے ریستوران بھی بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 100 مسافر کھانا کھا سکیں گے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں