چیئرمین پی سی بی انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پُر امید

چیئرمین پی سی بی انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پُر امید
کیپشن: فوٹو بشکریہ یاہو

لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لارڈز میں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے سے ملاقات میں انہیں پاکستان میں سیکیورٹی حالات سے آگاہ کرنے کے ساتھ انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے مدد کی درخواست بھی کی ہے اور وہ پُر امید ہیں کہ بہت جلد برطانوی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

نجم سیٹھی کے مطابق انہوں نے برطانوی وزیراعظم کو بتایا کہ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے عفریت کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کیلئے بڑی قربانیاں بھی دی گئی ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ کے دوران ہونے والی اس ملاقات کے دوران نجم سیٹھی نے برٹش پرائم منسٹر کو بتایا کہ پاکستان میں کھیل کے شائقین انگلش ٹیم کی آمد کے منتظر ہیں جس کیلئے ان کی جانب سے بھی مدد درکار ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: دتہ خیل میں دھماکا، کتنے افراد شہید ہوئے؟ جانیئے
 نجم سیٹھی کے مطابق انہوں نے تھریسا مے کو بتایا کہ وہ بیرون ملک سے مہمانوں کو مدعو کر رہے ہیں کہ وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں کہ پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنا دیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ بورڈ کے معاملات کو درست کیا جس میں کوئی سیاسی یا حکومتی مداخلت نہیں تھی جبکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو انہوں نے ایک قومی ایجنڈے کے طور پر سامنے رکھا۔ اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم تھریسامے اپنے شوہر فلپ جون کے ہمراہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دیکھنے آئی تھیں جو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ کا قیادت پر بھرپور اعتماد کا اعلان
 اس موقع پر ان کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) چیئرمین نجم سیٹھی بھی موجود تھے۔ برطانوی وزیراعظم نے پی سی بی چیئرمین کو کہا کہ پاکستان نے اب تک بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لارڈز کے میدان پر ہمیشہ تماشائیوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے آتی ہے اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچز دلچسپ ہوتے ہیں۔

تھریسامے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے کھیل کے پہلے روز بہترین بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ برطانوی وزیراعظم تین گھنٹے تک گرانڈ میں موجود رہیں اور پاکستانی شائقین کے درمیان گھل مل گئیں۔

  نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں