آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس، بدتمیز کرکٹرز کیلئے سخت اقدامات کی سفارش

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس، بدتمیز کرکٹرز کیلئے سخت اقدامات کی سفارش
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

ممبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کرکٹ کمیٹی نے کھلاڑیوں کو اخلاق کے دائرے میں رکھنے کیلئے متعدد تجاویز دے دیں، میچ آفیشلز کو زیادہ بااختیار بنایا جائے گا، بال ٹیمپرنگ پر زیادہ سزا ملے گی، نیا کوڈ برائے احترام تشکیل دیا جائے گا، کمیٹی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ٹاس کی روایت ختم کرنے کے بھی خلاف ووٹ دے دیا، ممبر بورڈز کو بیٹ اور گیند میں توازن کیلئے بہتر وکٹیں تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان انیل کمبلے کی سربراہی میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس ممبئی میں منعقد ہوا جس میں باہمی احترام کے کلچر کی تشکیل اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے حوالے سے غور اور اس بارے میں سفارشات تیار کی گئیں۔ حال ہی میں کرکٹرز کے درمیان گالم گلوچ اور بدتمیزی کے واقعات کے حوالے سے کرکٹ کمیٹی میں کھلاڑیوں کے درمیان باہمی احترام کو فروغ دینے کا معاملہ چھایا رہا، اس حوالے سے تین اہم چیزوں پر بحث کی گئی جس میں سے ایک یہ تھا کہ ممبر بورڈز کس طرح ٹیموں کے درمیان باہمی احترام کا ماحول کیسے پیدا کرسکتے اور کس طرح دونوں ٹیموں کو کھیلنے کے منصفانہ مواقع دے سکتے ہیں، دوسرا یہ اسپرٹ آف کرکٹ کا مطلب کیا ہے اور اس پر عمل کیسے ہوگا وار آخری یہ کہ جو کھلاڑی حد سے باہر جاتا ہے اس سے کس طرح نمٹا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ کا قیادت پر بھرپور اعتماد کا اعلان
 کرکٹ کمیٹی کی جانب سے غور کے بعد چند سفارشات تیار کی گئیں جن میں میچ آفیشلز کو زیادہ اختیارات دینے، بورڈ کی جانب سے ٹیم قیادت کو جوابدہ بنانے، مہمان ٹیموں کو مناسب پریکٹس سہولیات کی فراہمی، وارم اپ میچز اور مناسب لاجسٹک انتظامات، نوجوان کھلاڑیوں کو اسپرٹ آف کرکٹ کے بارے میں تعلیم دینا شامل ہے۔ اس کے ساتھ کمیٹی نے مختلف خلاف ورزیوں کی سزا میں اضافے کی بھی سفارشات کی جبکہ نئے کوڈ برائے احترام تشکیل دینے، گالم گلوچ کو سنگین جرائم میں شامل کرنے اور بال ٹیمپرنگ پر سزا میں اضافے کی بھی سفارش کی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: دتہ خیل میں دھماکا، کتنے افراد شہید ہوئے؟ جانیئے
 کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی کنڈیشنز کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، اس میں ٹیسٹ کرکٹ سے ٹاس کی روایت ختم کرنے اور آٹومیٹک طور پر پہلے بیٹنگ یا فیلڈنگ کے فیصلے کا اختیار مہمان ٹیم کو دینے کے معاملے پر بھی بحث ہوئی اور آخر میں یہ محسوس کیا گیا کہ ٹاس ٹیسٹ کرکٹ کا ایک لازمی جزو اور روایت ہے۔ اس کو ختم نہیں کیا جانا چاہیے مگر ساتھ میں یہ بات تسلیم کی گئی کہ جس قسم کی ٹیسٹ پچز تیار کی جارہی ہیں اس سے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سے بھی مسابقتی عنصر غائب ہوسکتا ہے۔

اس لیے کمیٹی نے ممبر ممالک پر زور دیا کہ وہ ایسی وکٹیں تیار کریں جہاں پر بیٹ اور گیند دونوں میں توازن رہے۔ کمیٹی نے پوائنٹس سسٹم کے بارے میں سفارش کی تاہم ساتھ میں واضح کردیا کہ یہ پوائنٹ صرف میچ میں ہی ملنے چاہئیں سیریز کامیابی پر کوئی پوائنٹ نہیں ہوگا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے اضافی دن مختص کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ عام دنوں کے دوران اگر کچھ حصہ خراب موسم کی نظر ہوتو اس کی تلافی ہوسکے۔

  نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں