عدالت کا نیب کو خواجہ برادران کیخلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم

عدالت کا نیب کو خواجہ برادران کیخلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم
کیپشن: جیل حکام نے سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق عدالت کے روبرو پیش کیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: عدالت نے نیب کو خواجہ سعد اور سلمان رفیق کے خلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں جیل حکام نے سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق عدالت کے روبرو پیش کیا۔

دورانِ سماعت احتساب عدالت کے جج نے جیل کے افسر سے استفسار کیا کہ خواجہ سعد رفیق کہاں ہیں جس پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ وہ اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہیں۔

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے ریفرنس سے متعلق معلومات لیں جس پر نیب افسر نے بتایا کہ ریفرنس کی چیئرمین نیب نے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ ریفرنس کی کاپیاں کروا کر جلد عدالت میں پیش کر دیں گے۔

احتساب عدالت نے نیب کو خواجہ برادران کے خلاف جلد ریفرنس فائل کرنے کا حکم دیا۔