شہباز شریف کا کورونا سے ایک دن میں 78 ہلاکتوں پر اظہار تشویش

شہباز شریف کا کورونا سے ایک دن میں 78 ہلاکتوں پر اظہار تشویش
وفاق اور صوبے حالات کا ازسرنو جائزہ لے کر اقدامات کریں، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور:  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک دن میں کورونا سے 78 ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا حکومتی ناسمجھی، غیردانشمندی اور عاقبت نااندیشی سے کورونا وبا اس رفتار سے پھیل رہی ہے۔


صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اموات کی بڑھتی تعداد ڈاکٹرز، ماہرین، تجزیہ نگاروں اور رہنماؤں کے خدشات کی تصدیق ہے، حکومتی مجرمانہ لاپرواہی سے ڈاکٹرز اور سمجھ رکھنے والا ہر باشعور شخص گھبرایا ہوا ہے، مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے، وفاق اور صوبے حالات کا ازسرنو جائزہ لے کر اقدامات کریں، بے حسی اور غفلت کا نتیجہ خدانخواستہ بڑی تباہی کی صورت نکلنے کو ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا ٹڈی دل کو ڈھول سے بھگانے اور کورونا کے پھیلاؤ اور اموات پر خاموشی کی حکومتی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کی دعا، پسماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل دے، کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز کے جاں بحق ہونے کی بڑھتی تعداد بھی انتہائی تشویشناک ہے، اپنے ان شہید ڈاکٹر بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔