وزیر مملکت شہریار آفریدی کورونا وائرس میں مبتلا

وزیر مملکت شہریار آفریدی کورونا وائرس میں مبتلا

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں شہریار آفریدی نے کہا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر اپنے آپ کو گھر پر آئسولیٹ کرلیا ہے۔انہوں نے مزید تحریر کیا کہ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو موذی وبا سے محفوظ بنائے اور وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں۔

خیال رہے کہ شہریار آفریدی پہلے سیاست دان نہیں ہیں جو کورونا وائرس کا شکار بنے ہیں، متعدد سیاسی شخصیات اس عالمی وبا کی زد میں آ چکی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس سے انتقال کر گئی تھیں۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، وائرس کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا جس کے بعد وہ صحتیاب ہو گئے تھے۔