پنجاب کے 26 اضلاع میں سوئمنگ پولز اور پارکس کھولنے کی اجازت دے دی گئی

پنجاب کے 26 اضلاع میں سوئمنگ پولز اور پارکس کھولنے کی اجازت دے دی گئی
سورس: file photo

لاہور،  پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد 26 اضلاع میں سوئمنگ پولز اور پارکس کھولنے کی اجازت دے دی۔

ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کرونا وائرس ٹاسک فورس کی منظوری کے بعد پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹر اسپورٹس کی اجازت دی گئی۔

سیکریٹری صحت پنجاب سارہ اسلم نے فیصلے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اجازت کرونا کیسز کی شرح میں واضح کمی کے بعد دی گئی ہے۔

سیکریٹری ہیلتھ کیئر پنجاب نے کہا کہ پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹر اسپورٹس کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا لازمی ہوگا جب کہ تفریحی سرگرمیوں کی 50 فیصد رش کے ساتھ اجازت ہوگی۔

سیکریٹری صحت پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں ان ڈور ڈائیننگ کی اجازت تاحال نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کرونا کے 696 مثبت کیسز آئے ہیں، جب سے کرونا شروع ہوا ہے سب سے کم شرح ہے، اس وقت لاہور میں کرونا کی شرح 1٫5 فیصد آئی ہے، جتنے مریض داخل ہو رہے ہین اتنے ہی گھروں کو جا رہے ہیں۔

یاسمین راشد نے کہا کہ اب ہم اس اپوزیشن میں ہیں کہ آہستہ آہستہ ادارے کھول رہے ہیں واٹر اسپاٹ، سوئمنگ پول کھولنےکی اجازت دےدی ہے، سینما اور تھیٹر بند ہیں اس پر فیصلہ کرنا باقی ہے، تمام کمرشل نقل و حرکت پر رات آٹھ بجے کے بعد پابندی ہے۔