سندھ حکومت کا صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں یکم جون کو درخواست دی جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کیلئے متعدد سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہو گیا اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ اپوزیشن جماعتوں کے اتفاق کے بعد الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے درخواست دیں گے۔ 
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سلیکٹ کمیٹی میں مشاورت سے کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے دی جانے والی درخواست میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرح کی نئی تاریخ سے متعلق کئی گئی مشاورت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ای سی پی کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے اور بلدیاتی انتخابات کو مؤخر کرنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں بلدیاتی سیٹ اپ کو 90 روز کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے بھی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی کی درخواست دائر کی تھی جسے سندھ ہائیکورٹ نے مسترد کردیا تھا۔ 
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کیلئے شیڈول جاری کر رکھا ہے جس کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ ڈویژن میں پولنگ 24 جولائی کو ہو گی۔

مصنف کے بارے میں