کیا عارف علوی کے معاملات طے پاگئے؟ صدر نے شہباز شریف کے کہنے پر نیا گورنر پنجاب لگا دیا

کیا عارف علوی کے معاملات طے پاگئے؟ صدر نے شہباز شریف کے کہنے پر نیا گورنر پنجاب لگا دیا

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بلیغ الرحمن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔ یہ منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت دی گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کی 7 تاریخ کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کیلئے صدرمملکت کو ارسال کیا گیا تھا تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کر دی تھی۔ 

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں اس لئے نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت ’گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا جبکہ موجودہ ملکی حالات کا تقاضہ ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں، وزیراعظم شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کی جانب سے سمری منظور نہ ہونے کے بعد بلیغ الرحمان کو پنجاب کا گورنر بنانے کی دوسری سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائی تھی جسے انہوں نے آئین کے آرٹیکل 101(1) کے تحت منظور کر لیا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں