نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر بحال کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار

نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر بحال کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار
سورس: File

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو پارٹی صدرات کے عہدے پربحال کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔عدالت نے رجسٹرار  آفس کا اعتراض برقرار رکھا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر بحال کرنے کے لیے دائر درخواست پر اعتراض کی سماعت کی۔ 

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کو بطور مسلم لیگ نون کے صدر بحالی کے لیے وکیل آفاق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو  قومی اسمبلی سے  نااہل قرار دیا گیا، عمران خان، شیخ رشید، سراج الحق نے نواز شریف کو سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی اور 2018 میں عدالت نے انہیں پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کوبھی نااہل قرار دیا مگر انہیں پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا، اس لیے نواز شریف کو بھی پارٹی صدارت پر بحال کیا جائے۔

درخواست میں عمران خان، شیخ رشید، سراج الحق، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کو فریق بنایا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ نواز شریف کوپارٹی عہدے سے سپریم کورٹ نے ہٹایا وہاں رجوع کیا جائے، لاہور ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے ماتحت ہے اس کیس کی سماعت یہاں نہیں ہوسکتی۔ عدالت نے رجسٹرار  آفس کا اعتراض برقرار رکھا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

مصنف کے بارے میں