شراب پیتا ہوں نہ کوکین،گولی لگنے سے فریکچر ہوا: عمران خان، عبدالقادر پٹیل کے الزامات پر ہرجانے کا نوٹس

شراب پیتا ہوں نہ کوکین،گولی لگنے سے فریکچر ہوا: عمران خان، عبدالقادر پٹیل کے الزامات پر ہرجانے کا نوٹس
سورس: file

اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزمات کے جواب میں انھیں معافی مانگنے اور دس ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے سے متعلق قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے من گھڑت، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ نوٹس چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا۔

اس قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر صحت 15 روز کے اندر اپنے الزامات واپس لیں، عمران خان سے غیرمشروط معافی مانگیں، 10 ارب بطور ہرجانہ ادا کریں جسے شوکت خانم ہسپتال میں جمع کروایا جائے گا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ عمران خان کی نیب کیس میں گرفتاری کے بعد ان کا حکام کی جانب سے طبی معائنہ کیا گیا جس کی رپورٹ بعدازاں میڈیا کو بھی فراہم کی گئی تھی۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر وفاقی وزیر صحت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی پیشاب کی ابتدائی ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق منشیات کے استعمال کے شواہد ملے ہیں۔ وفاقی وزیر نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کی ٹانگ پر لگائے گئے پلستر کے حوالے سے بھی چند دعوے کیے تھے۔

مصنف کے بارے میں