پاناما لیکس کیس، سپریم کورٹ میں سماعت جاری

پاناما لیکس کیس، سپریم کورٹ میں سماعت جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری کے الزامات اور پاناما لیکس میں سامنے آنے والی معلومات کی تحقیقات سے متعلق درخواستوں پرآج پھر سماعت کر رہی ہے۔آج تحریک انصاف کی طرف سے نئی قانونی ٹیم پیش ہوئی ہے۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ کر رہا ہے۔ گزشتہ سماعت کے بعد حامد خان نے کیس کی مزید پیروی کرنے سے معذرت کر لی تھی ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پانامالیکس کیس میں آف شور کمپنیوں اور وزیراعظم نواز شریف کی ویلتھ ٹیکس سے متعلق اضافی دستاویزات عدالت میں جمع کرا دی ہیں۔ ان میں کہاگیاہےکہ وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نیلسن اور نیسکول کمپنیوں کی بینی فشل اونر ہیں۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر تمام درخواست گزاروں اور فریقین کو پاناما کیس سے متعلق شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے دلائل میں وزیراعظم نواز شریف کے پارلیمنٹ اور قوم سے خطابات کے متن پڑھتے ہوئے کہاتھاکہ وزیراعظم کے بیانات میں تضاد ہے اور ان کے بچوں کے جوابا ت بھی مختلف ہیں۔

سماعت کے موقع پر وفاقی وزرا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود ہیں۔