سابق صدر آصف زرداری کا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے رابطہ

سابق صدر آصف زرداری کا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے رابطہ

اسلام آباد: پاکستانی سیاست میں ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب سابق صدر آصف علی زرداری نے پاک فوج کی کمان سنبھالنے والے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق آصف علی زرداری جو ان دنوں دبئی میں ہیں، انہوں نے جنرل قمر باجوہ سے بات کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’سابق صدر نے نئے آرمی چیف کو ٹیلی فون کیا اور ان کی تقرری پر مبارک باد دی‘۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری گزشتہ برس قومی احتساب بیورو اور رینجرز اہلکاروں کی جانب سے چھاپے کے دوران ان کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم حسین کو حراست میں لیے جانے کے بعد سے وہ دبئی میں خود ساختہ جلا وطنی کاٹ رہے ہیں۔دبئی روانگی سے قبل سابق صدر نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے خلاف دھواں دار تقریر کی تھی اور اس پر اختیارات سے تجاوز کا الزام لگایا تھا۔گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اشارہ دیا کہ سابق صدر آصف زرداری 27 دسمبر سے قبل پاکستان واپس آسکتے ہیں۔