عمان کے متعلق چند ایسے دلچسپ حقائق جو آپ نے پہلے کبھی نہ پڑھے ہوں

عمان کے متعلق چند ایسے دلچسپ حقائق جو آپ نے پہلے کبھی نہ پڑھے ہوں

سلطنت عمان خلیج تعاون کونسل کا رُکن ملک ہے۔ کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ سیاحتی ریاست عمان ہے۔ عمان کی منفرد بات یہ بھی ہے کہ یہ نہ صرف خلیج بلکہ کرہ ارض پر انسانی آبادی کی اولین جگہوں میں سے ایک ہے۔ ماہرین کے مطابق عمان میں انسانی زندگی کی عمر کم ازکم 1لاکھ چھ ہزار برس ہے۔

عمان کوعرب ممالک میں سب سے پہلے آزادی حاصل کرنے والے ملک کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ ماضی میں پرتگال کی نوآبادی رہا ہے۔ 1650ء میں جنگ آزادی کرکے عمانی قبائل نے پرتگالیوں کو بیدخل کیا تھا۔ جبکہ باقی عرب ممالک کو استعماری قوتوں سے آزادی بہت بعد میں ملی ہے۔ سابق امریکی صدر جار ج ڈبلیو بش باپ بیٹے دونوں نے اپنے اپنے ادوار میں عمان کے دورے کیے ہیں۔ اس حوالے سے عمان کو امریکا کے ساتھ طویل دوستی کا بھی ریکارڈ حاصل ہے۔

عمان واحد خلیجی ملک ہے جو یمن کی حالیہ جنگ میں سعودی عرب کے آپریشن کا مخالف ہے۔ وہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرتا ہے۔ ماضی میں بھی کویت اور عراق جبکہ عراق ایران جنگ میں عمان نے حیران کن طور پر ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔ عمان کو دہشت گردی سے پاک ملک ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

نائن الیون کے بعد دنیا بھر میں شروع ہونے والی دہشت گردی کا کوئی اثر عمان پر نہیں ہوا۔ اب تک کوئی ایک دہشت گردانہ واقعہ بھی رونما نہیں ہوا جس کی وجہ سے اس کا یہ اعزاز بھی سب سے نمایاں ہے۔ ماضی میں عمان کو سب سے بڑے کشتی ساز ملک کی بھی حیثیت حاصل رہی ہے۔ عمان کی بنائی ہوئی کشتیاں یورپ برآمد کی جاتی تھیں۔ اس وقت گھوڑوں کی اعلیٰ ترین نسل عمان میں افزائش پاتی ہے۔ دنیا بھر میں عمان سے بہترین نسل کے گھوڑے برآمد کیے جاتے ہیں۔